لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 'شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے'، شہید راشد منہاس دھرتی کی خاطر جان قربان کر کے تاریخ میں امر ہوگئے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے راشد منہاس شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، راشد منہاس شہید پاک فضائیہ کی تابندہ روایات کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید نے اپنے لہو سے ناقابل یقین داستان رقم کی، نشان حیدر حاصل کرنے والے سب سے کم عمر راشد منہاس شہید کی زندگی مشعل راہ ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مینار پاکستان پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر آج اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں عثمان بزدار کو واقعہ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریف کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔