وفاقی وزیر اسد عمر نے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس غلط قرار دیدیا

Published On 17 August,2021 05:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حلقے میں منصوبہ شروع ہونے کی بنیاد پر کیس بنایا گیا، میرے خیال میں یہ نیب ریفرنس نہیں بنتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے اجلاس میں کہی۔

اجلاس میں احسن اقبال نے کہا کہ میرے خلاف نارووال سپورٹس سٹی کا ریفرنس ہے، یہ منصوبہ 2009ء میں پیپلز پارٹی دور میں بنا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے اپنے حلقے کیلئے 4 منصوبے منظور کرائے۔ کیا اپنے حلقے کیلئے منصوبے شامل کرنے پر ان کیخلاف ریفرنس نہیں بنتا؟

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تو اب کیا پہلے والے منصوبے میں بھی نیب ریفرنس نہیں بنتا۔ نارووال ریفرنس میں میرے خلاف آدھی وزارت منصوبہ بندی وعدہ معاف گواہ بنی ہوئی ہے۔ میرے خلاف ریفرنس یہ ہے کہ منصوبہ صوبائی شعبہ تھا اور وفاق نے اسے انجام دیا۔