فیصل آباد میں جشن آزادی کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

Published On 11 August,2021 10:08 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں جشن آزادی کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ بازاروں میں چھوٹے بڑے، بزرگ اور خواتین سب ہی قومی پرچم کی خریداری میں پیش پیش ہیں۔

جشن آزادی کے حوالے سے فیصل آباد کے شہریوں کی تیاریاں بھی دیدنی ہیں۔ جشن آزادی کی مناسبت سے لگائے گئے بازاروں اور اسٹالز سے شہری بیجز، جھنڈیوں، اسٹکرز سمیت دیگر آرائشی سامان کی خریداری میں مصروف ہیں، تاہم قومی پرچم کی خریداری عروج پر ہے۔

ہر شہری کی خواہش ہے کہ وطن سے محبت کا اظہار کرنے کیلئے قومی پرچم خریدے اور اپنے گھروں، بازاروں، دفاتر اور گلیوں محلوں کو قومی پرچموں سے سجائے۔ قومی چرچموں کی خوب فروخت ہونے پر دکاندار بھی خاصے خوش دیکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے دن کم ہو رہے ہیں، گاہگوں کی گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے۔

ہمارے بزرگوں، اور آباؤ اجداد کی لاکھوں قربانیوں کے بعد ہمیں وطن عزیز حاصل ہوا، جس کی آزادی، پرچم اور عزت وقار کا ہر شہری کو پاس رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا پاکستان دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے۔