فیصل آباد: محکمہ ایکسائز فیس وصولی کے باوجود 3 سال سے نمبر پلیٹیں جاری کرنے میں ناکام

Published On 30 July,2021 09:08 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے فیسوں کی وصولی کے باوجود بھی گزشتہ تین سالوں سے شہریوں کو نمبرپلیٹیں جاری نہیں کی جا رہیں جس سے شہری حکام کے خلاف آگ بگولا ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

فیصل آباد میں موٹرسائیکلوں، کاروں ، رکشوں اور دیگر گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس آنے والے ہزاروں شہری فیسوں کی ادائیگی کے باوجود گزشتہ تین سالوں سے نمبرپلیٹوں سے محروم ہیں۔

گذشتہ تین سالوں میں نمبر پلیٹوں کی فیسوں کی مد میں مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے فنڈز اکٹھے گئے لیکن تاحال نمبر پلیٹیں جاری نہ ہونے کی وجہ سے شہری مارکیٹوں سے اضافی پیسوں کی ادائیگی کرتے ہوئے عارضی نمبر پلیٹیں بنانے پر مجبور ہیں۔

معاملے پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کہتے ہیں کہ نمبر پلیٹوں کی تیاری کے حوالے سے پرائیویٹ کمپنی سے معاہدہ کرلیا گیا ہے، جلد تسلسل سے پلیٹوں کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔

شہری کہتے ہیں کہ پیسے وصول کرنے کے باوجود محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نمبر پلیٹیں جاری نہیں کررہا جبکہ ٹریفک پولیس اہلکار عارضی نمبر پلیٹوں کے استعمال پر بے جا چالان بھی کرتے رہتے ہیں۔