وطن واپس آئیں سکیورٹی دیں گے، وفاقی حکومت کی نواز شریف کو پیشکش

Published On 05 August,2021 10:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو آفر کی ہے کہ وطن واپس آئیں سکیورٹی دیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو پتا ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف کا پاسپورٹ 16فروری کو ایکسپائر ہوچکا ہے، اگر نواز شریف پاکستان آنا چاہتے ہیں تو انہیں 24گھنٹوں میں پاسپورٹ مل جائیگا، نواز شریف اب پاکستان کے شہری نہیں ہیں، نواز شریف واپس آئیں سیکیورٹی دینگے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان آکر گرفتاری دینا ہوگی۔ نواز شریف 4ہفتوں کے لیے علاج کے لیے لندن گئے تھے۔ اب ثابت ہوگیا نوا زشریف علاج نہیں کروا رہے تھے، حکومت برطانیہ نے اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا، نواز شریف اب پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔ اگر نواز شریف پاکستان آنا چاہتے ہیں تو 24گھنٹوں میں پاسپورٹ مل جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ نے نواز شریف کی ویزہ میں توسیع کی درخواست مسترد کردی

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف لاکھوں، کروڑوں نہیں، اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں، ویزے کی توسیع نہ ہونے کے بعد ان کے پاس تین آپشنزہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی آپشن نوازشریف پاکستان ایمبیسی میں جائیں، پاکستان وہاں سے نوازشریف کو عارضی دستاویزات دی جائیں گی، عارضی دستاویزات پر ٹریول کریں، واپس آجائیں، واپس آکرجیل جائیں، اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرنوازشریف اپیل میں جائیں گے توان کے پاس کوئی جوازنہیں ہے، نوازشریف بیمارنہیں ہیں، یہ نظر ثانی اپیل میں برطانیہ کی عدالت میں بھی پھرجھوٹ بولیں گے، جھوٹ پر انہیں برطانوی عدالت سے بھی سزا ہوسکتی ہے۔ میری رائے میں نوازشریف کوپاکستان کی ایمبیسی سے عارضی دستاویزات لیکرپاکستان واپس آنا چاہیے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان، پی ٹی آئی کی نوازشریف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، معاملہ یہ ہے نوازشریف پاکستان کے اربوں روپے لوٹ کرپاکستان سے فرارہوگئے ہیں، جوپیسہ لوٹا گیا وہ پیسہ پاکستان میں لانا ضروری ہے، نوازشریف پیسہ واپس کردیں بیشک پھرپاکستان اپنے گھرمیں رہیں۔