اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مندر حملے کے بعد پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سوشل میڈیا پر رحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا۔ اس واقعہ کا نوٹس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے لیا ہے۔
Strongly condemn attack on Ganesh Mandir in Bhung, RYK yesterday. I have already asked IG Punjab to ensure arrest of all culprits & take action against any police negligence. The govt will also restore the Mandir.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 5, 2021
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مندر پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، میں نے پہلے ہی آئی جی پنجاب کو تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات دے رکھے ہیں۔
عمران خان نے لکھا کہ پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت کے خلاف کارروائی کی جائے، حکومت متاثرہ مندر کو بحال کرے گی۔
اس سے قبل بھی وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائے اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل اجازت اور تحفظ فراہم کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنی عبادات کر سکیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ واقعہ آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
The attack on the Hindu temple in RYK is not simply condemnable but violates our constitution & the basic human rights of our citizens. MoHR in touch with RYK police since yesterday to ensure action ag perpetrators - got report - following up - our Parl Secy going to visit today.
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) August 5, 2021
ان کا کہنا تھا کہ وزارت انسانی حقوق گزشتہ روز سے رحیم یار خان پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ملزمان کے خلاف ایکشن کو یقینی بنایا جا سکے۔