راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے کمانڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عصر حاضر کی ضروریات سے باخبر رہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایبٹ آباد میں سالانہ کمانڈنگ آٰفیسرز کانفرنس میں بلوچ رجمنٹل سینٹر کا دورہ کیا۔ رجمنٹل سینٹر آمد پر کرنل کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل آرمز لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان اور کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹل سنٹر بریگیڈئر عثمان ابن ریاض بھی موجود تھے۔
آرمی چیف نے سینٹر میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے رجمنٹل سینٹر میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے آپریشنز میں حصہ لینے اور پیشہ وارانہ مہارت دکھانے پر بلوچ رجمنٹ کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر کمانڈرز کو اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت کے حصول پر توجہ دینا چاہیے۔ کمانڈرز نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عصر حاضر کی ضروریات سے باخبر رہیں۔