کورونا وائرس کی روک تھام،پنجاب حکومت نےسخت ایس اوپیزجاری کردیئے

Published On 03 August,2021 06:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر، ڈیلٹا اور ایپسیلون وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن احکامات کا 03 اگست سے 31 اگست تک کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آج سے تمام کاروباری مراکز رات 8 بجے تک بند کر دئیے جائیں گے۔ ہفتہ اور اتوار چھٹی کے دن تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

اس کے علاوہ ان ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ کی سخت ایس او پیز کے تحت رات 10:00 بجے تک اجازت ہوگی۔ لاہور میں 8 اگست سے ان ڈور شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ آوٹ ڈور تقریبات کی 400 افراد کی گنجائش کے ساتھ رات 10:00 بجے تک اجازت ہوگی۔

تمام سرکاری اور نجی دفاتر 50 فیصد عملہ کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔ تمام مزارات پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ تمام سینما گھر مکمل بند رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مل کر ان ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنائیں گے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 529 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 277 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 582 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 58 ہزار 387، سندھ میں 3 لاکھ 87 ہزار 261، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 45 ہزار 306، بلوچستان میں 30 ہزار 627، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 318، اسلام آباد میں 88 ہزار 344 جبکہ آزاد کشمیر میں 25 ہزار 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 61 لاکھ 58 ہزار 330 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 798 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 44 ہزار 375 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 398 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 529 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 83، سندھ میں 6 ہزار 57، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 477، اسلام آباد میں 804، بلوچستان میں 328، گلگت بلتستان میں 147 اور آزاد کشمیر میں 633 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔