گجرات: مسلم آباد میں مکان میں گیس سلنڈر دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 5 افراد زخمی

Published On 02 August,2021 09:42 am

گجرات: (دنیا نیوز) گجرات شہر میں گھر کے اندر گیس سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے مکان زمین بوس ہوگیا۔ ریسکیو کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دھماکہ شہر کے گنجان آباد علاقے مسلم آباد میں صبح 7 بج کر 37 منٹ پر ہوا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ گھر کے اندر گیس سلنڈر پڑے ہوئے تھے جو پھٹ گئے۔

ڈی پی او گجرات عمر سلامت موقع پر پہنچے تو ان کا کہنا تھا کہ گھر کے نیچے پیزا شاپ تھی جس میں بڑے بڑے گیس سلنڈر پڑے ہوئے تھے جو دھماکے سے پھٹ گئے، تاہم تحقیقات کی جا رہی ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا اندازہ بھی لگایا جا رہا ہے۔

پولیس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تمام راستے بند کر دئیے اور زخمی افراد کو عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔