صحت سہولت کارڈ پر عملدرآمد، وزیراعظم کی خصوصی یونٹس کے قیام کی ہدایت

Published On 28 July,2021 08:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحت سہولت کارڈ کے حوالے سے حکومت کے تاریخی صحت پروگرام سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے خصوصی یونٹس قائم کریں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے یہ بھی کہاکہ وہ وزارت اطلاعات ونشریات کے تعاون سے پروگرام کی مناسب تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔

عمران خان نے صحت سہولت کارڈ کے ذریعے عوام کو ریلیف کی فراہمی پر اطمینان ظاہر کیا ۔

انہوں نے کہاکہ یہ ملک کا سب سے بڑا اورتاریخی پروگرام ہے جس کے ذریعے عوام کوصحت کی معیاری خدمات فراہم کی جائیںگی ۔

عمران خان نے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعے سرکاری اور نجی شعبے کے ہسپتالوں کے اشتراک سے صحت کی معیاری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔