لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے آزاد کشمیر الیکشن سے پہلے رونا دھونا شروع کر دیا، مریم نواز کی سیاست کو اس کی زبان تباہ کر دے گی، نواز شریف سے 'را' کے ایجنٹ مل رہے ہیں، لیگی قائد نے آج غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے ہار تسلیم نہ کرنے کی قسم کھائی ہے، کل لال حویلی سے پی ٹی آئی کی جیت کا اعلان کروں گا، عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے، داسو اور بھاشا ڈیم ملکی معیشت کا نقشہ بدل دیں گے، میرا بس چلے تو کرپٹ لوگوں کیلئے چین کا قانون لاؤں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں، ہر طرح کی سکیورٹی فراہم کریں گے، یہ اب کیوں واویلا کر رہے ہیں ؟ نواز شریف اور ان کے خاندان نے قومی خزانہ لوٹا، سوشل میڈیا سے معلوم ہوا نواز شریف نے را کے ایجنٹ سے ملاقات کی، نواز شریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ان کا پارٹی میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں دیکھ رہا، شہباز شریف سیاست کے میدان سے لاپتہ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کا کیس اغوا کا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جو زبان استعمال کی اس سے کشمیریوں کے دل دکھے، نواز شریف اور مریم نواز اپنی زبان کے ہاتھوں مار کھائیں گے، فضل الرحمان کی کارکردگی کشمیر کے معاملے پر ناقص رہی ہے، پاک فوج ملک کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر موجود ہے۔