بھارت اپنے مفادات کی خاطر خطے کے امن کو تباہ نہ کرے: شاہ محمود قریشی

Published On 21 July,2021 12:15 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے مفادات کی خاطر خطے کے امن کو تباہ نہ کرے، افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کی تحقیقات آخری مراحل میں، افغان حکومت کے ساتھ شیئر کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے، افغان سیاسی قیادت کو مل جل کر قیام امن کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ امن عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کی تحقیقات جلد مکمل کر لی جائیں گی، بھارتی میڈیا واقعے سے متعلق زہریلے پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔ مودی حکومت نے اپنے وزرا اور اپوزیشن رہنماوں کو بھی جاسوسی نیٹ ورک کے ذریعے متاثر کیا۔ تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی حکومت کو ہر فورم پر شکست کا سامنا ہے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ امریکہ نے افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے مثبت کردار اور ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر عملدرآمد کو تسلیم کیا ہے۔