لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے کہا ہے کہ یہود دشمنی پر مبنی حملوں کے بعد پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران تقریر میں وزیراعظم عمران خان اور ان کے بیٹوں پر تنقید کی تھی۔
مریم نواز نے حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کہتا ہے کہ میاں نواز شریف نواسہ (جنید) باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے۔ اس کے پاس کھیل کھیلنے کے پیسے کہاں سے آئے۔ میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی،لیکن جیسی بات کرو گے اب منہ توڑ جواب ملے گا۔ جنید نواز شریف کا نواسہ ہے، گولڈ سمتھ کا نواسہ نہیں ہے۔ وہ یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا۔
اس پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے کہا کہ ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی طرف سے یہود دشمنی پر مبنی حملوں (جن میں قتل کی دھمکیاں اور میرے گھر سامنے مظاہرے شامل تھے) کے بعد2004ء میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ مریم نواز شریف نے آج اعلان کیا ہے کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔
جمائما کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ مجھے آپ، آپ کے بیٹوں یا آپ کی ذاتی زندگی سے قطعا دلچسپی نہیں ہے۔ کیونکہ میرے پاس کرنے اور کہنے کے لئے بہتر کام ہیں، آپ صرف اپنے سابقہ شوہر کو الزام دیں۔
I have absolutely no interest in you, your sons or your personal lives because I have better things to do and say but if your ex drags in families of others out of spite, others will have nastier things to say. You have only your ex to blame. https://t.co/DxoUqwjoTn
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 20, 2021