لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، 300 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے

Published On 20 July,2021 12:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، بارش کے باعث 300 سے زائد فیڈرٹرپ کر گئے، فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم، نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے، شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 97 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نشتر ٹاؤن میں 68، جوہر ٹاؤن میں 56، فر خ آباد میں 54، پنجاب یونیورسٹی 50، لکشمی چوک میں 48، چوک ناخدا میں 40، گلبرگ میں 23 ملی میٹر اور ایئرپورٹ میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی اور حبس کی چھٹی کرا دی، خوشگوار موسم سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات نے تین روز تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ عید بھی بھیگی بھیگی اور ٹھنڈی گزرے گی۔