بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکتے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 13 July,2021 11:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکتے، کشمیری اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کر رہے ہیں، ان کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یوم شہدائے کشمیر پر پیغام میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو شہید کیے جانے والے کشمیر موذنوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، کشمیری موذنوں کو شہید کر کے ڈوگرہ راج نے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ظلم و ستم کا شکار ہیں، یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی لازوال جدوجہد، زبردست مزاحمت اور بے مثال قربانیوں کی ایک تاریخ ہے، بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا نہیں سکے۔