جاپانی بحریہ کے جہاز "یوگیری" کا کراچی بندرگاہ کا دورہ، مشترکہ مشق کا انعقاد

Published On 11 July,2021 12:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جاپانی بحریہ کے جہاز " یوگیری " نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور جاپانی دفاعی اتاشی نے جہاز کا استقبال کیا، میری ٹائم سکیورٹی کیلئے مشترکہ مشق بھی کی گئی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ مشق کا انعقاد بھی کیا، دوطرفہ مشق میں کثیرالجہتی بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا، مشق کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون اور انڈین اوشن ریجن میں میری ٹائم سیکیورٹی کا فروغ تھا۔

دوطرفہ مشق خطے میں امن و استحکام کے لئے پاک بحریہ کے عزم کی آئینہ دار ہے، پاک بحریہ اور جاپانی نیوی خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے لئے مل کر کام کر رہی ہیں، جاپانی بحریہ کا "یوگیری" جہاز کثیرالقومی بحری مشق امن 21 میں بھی شریک تھا۔