پہلے کہتے تھے آر یا پار ہوگا، اب پاؤں پکڑنے کی سیاست تک پہنچ گئے: بلاول بھٹو

Published On 07 July,2021 02:58 pm

راولاکوٹ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پہلے کہتے تھے آر یا پار ہوگا، اب پاؤں پکڑنے کی سیاست تک پہنچ گئے، ہم نے سر کٹوائے ہیں، کسی کے پاؤں نہیں پکڑیں گے، ہم وزیراعظم کو بھگائیں گے، ہم عثمان بزدار کو بھی بھگائیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 3 سال سے اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کیا، ہم نے پہلے دن ان کو سلیکٹڈ کا نام دلوایا تھا، وزیراعظم اتنے نااہل ہیں کہ سلیکٹڈ کا نام دینے پر بھی ڈیسک بجاتے رہے، سلیکٹڈ کو بھگانے کیلئے سب کو ایک ہونا پڑے گا، وزیراعظم میری تقریر کے دوران کبھی دوبارہ نظر نہیں آئے، ہم ان سے لڑیں گے اور شکست دیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بجٹ اجلاس میں آصف زرداری کو ہسپتال، خورشید شاہ کو جیل سے لائے، بجٹ اجلاس میں دائیں بائیں دیکھا تو کوئی نظر نہیں آیا، فضل الرحمان ان کو شوکاز دیں جو بجٹ اجلاس سے غائب تھے، نہاری، حلوہ کھانے کیلئے بنائے گئے اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے، ہم نے اپنے مخالف کو جیل میں بیٹھ کر نظریاتی بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں امریکا کو ایئر بیس نہیں دیں گے، یہ ان کا فیصلہ ہی نہیں، آپ کے کونسے ہوائی اڈے کھلے ہوئے ہیں ؟ پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں تمام ہوائی اڈے بند کر دیئے تھے۔