راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یورپی یونین کی ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل کلاڈو گریزانو کے ساتھ ویڈیو کال کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت اور یوروپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون میں اضافے سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث لائے گئے۔
چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی مفید کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنیکا خواہاں ہے۔
یورپی یونین کی ملٹری کمیٹی کے چیئر مین نے علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ فریقین نے ہر سطح پر تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔