اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کینیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت و دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
وہ کینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کریوکی کیبوچی کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کیلئے اعلیٰ سیاسی و عسکری سطح پر رابطوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ’’لک افریقہ پالیسی‘‘ میں کینیا اہم مشرقی افریقی ملک ہے، پاکستان کینیا کے ساتھ سیاسی، معاشی و دفاعی شعبوں میں قریبی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے جنرل رابرٹ کریوکی کیبوچی کو پاکستان کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کیلئے دلچسپی کے شعبوں کی تلاش کیلئے دفاعی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی جانب سے کووڈ۔19 کی وبا سے نمٹنے میں کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالہ سے پاکستانی قوم کی جانب سے بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افریقہ میں استحکام کیلئے پاکستان کا کردار مثالی رہا ہے، افریقہ میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج سب سے زیادہ حصہ دار ہے۔ جنرل رابرٹ کریوکی کیبوچی نے پاکستان کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور بالخصوص افریقہ میں امن و سلامتی کیلئے ان کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان بالخصوص فوجی تربیت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔