انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات، پاکستان جاپانی تجربے سے استفادہ کرنے کا خواہاں

Published On 21 June,2021 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے جاپانی تجربے سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ جاپان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کا علمبردار اور اس شعبہ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کونینوری متسودا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین خوشگوار دو طرفہ تعلقات قائم ہیں اور مختلف شعبوں بالخصوص سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے مضبوط بنیادیں فراہم کرتی ہے اور اس شعبہ میں تعاون کیلئے جاپان سے کوئی دوسرا بہتر ملک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تاحال اس قابل نہیں کہ سمندری وسائل کی مناسب تسخیر کرسکے جبکہ پاکستان میں ایکوا کلچر کی ترقی اور سمندری وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے اس شعبہ میں تعاون کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں انسانی وسائل کی ترقی کے شعبہ میں بھی پاکستان جاپان کے تجربے سے استفادہ کر سکتا ہے۔

جاپانی سفیر متسودا کونینوری نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا عہدہ سنبھالنے پر وفاقی وزیر کو مبارکباد دی اور کہا کہ جاپان پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

سفیر نے وفاقی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی ٹیلنٹ اور نوجوانوں کے بارے میں غور کر رہا ہے۔