راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولیو اوورسائیڈ بورڈ کے سربراہ کرسٹوفرنے ملاقات کی جس کے دوران پولیو خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ پولیو کا پاکستان سے خاتمہ قومی مقصد اورکوشش ہے۔ پولیو اوورسائیڈ بورڈ کے سربراہ نے انسداد پولیو مہم کیلئے پاک فوج کے تعاون کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے مثبت اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں، رواں سال پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ گزشتہ برس ملک میں 84 پولیو کیسز پائے گئے تھے۔