اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کیلئے بڑی خبر سامنے آ گئی، پہلی سے چوتھی، چھٹی، ساتویں کلاس کے بچوں کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلبا کو بورڈ پرچے دینا ہوں گے۔
اسکول کھلنے سے پہلے ننھے طلبا کے لیے خوشی کی خبر، پہلی سے چوتھی کلاس کے بچے بنا امتحان پاس، چھٹی اور ساتویں کلاس کے بھی مزے ہو گئے۔ ذرائع وفاقی نظامت تعلیمات کا کہنا ہے کہ بورڈ امتحان دینے والی کلاسوں کے علاوہ باقی تمام کلاسوں کے طلبا کو گزشتہ سال کے نتیجہ کی بنیاد پر نئی کلاسوں میں پروموٹ کر دیا جائے گا۔ ان میں کچی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں جماعت کے طلبا شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات نے پانچویں اور آٹھویں کلاس کے امتحانات لازمی لینے کی سمری بھجوا دی ہے۔ پانچویں اور آٹھویں کے سنڑلائزڈ امتحانات کا شیڈول وفاقی نظامت تعلیمات جاری کرے گا۔
دوسری جانب کورونا کیسز کی کم شرح والے اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولے جا رہے ہیں۔ این سی او سی نے ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وبا سے نمٹنے کیلئے شہری جلد از جلد ویکسی نیشن کرائیں۔