پرامید ہوں پیر والے دن تاجروں کے بہت سارے مطالبات کومان لیا جائیگا: ناصر شاہ

Published On 05 June,2021 05:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پرامید ہوں پیروالے دن تاجروں کے بہت سارے مطالبات کومان لیا جائے گا۔

ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر زیتون کا باغ لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تاجر نمائندوں تنظیموں سے کمشنر آفس میں ملاقات ہوئی، تاجروں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست قبول کی، تاجروں نے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھلنے رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ پیر کے اجلاس میں تاجروں کی سفارشات اور مطالبات رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مجبوری میں ایسے فیصلے کیے،تاجروں نے میری درخواست اپنا اعلان واپس لیا ہے، تاجروں کی مشکلات کوسمجھتے ہیں، پیروالے دن میٹنگزمیں تاجروں کے مطالبات کورکھیں گے، پرامید ہوں پیروالے دن تاجروں کے بہت سارے مطالبات کومان لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج سے مارکیٹیں 8 بجے تک کھلی رہنے کی خبریں غلط ہیں، مارکیٹیں چھ بجے تک ہی کھلیں گی، مارکیٹوں کے اوقات کار پر پیر کی میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

ماحولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہرکوئی اپنے حصے کا ایک پودا ضرورلگائے۔ سرسبزسندھ اورخوشحال پاکستان کے تحت ہرجگہ پودے لگائے جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر گزشتہ روز تنقید نہیں کی بلکہ ایک موازنہ پیش کیا تھا۔