یوم ماحولیات: دنیا نے تسلیم کیا پاکستان کو آئندہ نسلوں کی فکر ہے: وزیراعظم

Published On 05 June,2021 03:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے، دنیا نے تسلیم کیا پاکستان کو آئندہ نسلوں کی فکر ہے، خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے، قدرتی ماحول کی بحالی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

کنونشن سینٹر میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی اعزاز ہے، قدرتی ماحول کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان واحد ملک جو آئندہ نسلوں کی فکر کرتا ہے، پاکستان سمیت بہت سے ممالک نے ماحولیات پر توجہ نہیں دی، خیبرپختونخوا میں 5 سال کے اندر ایک ارب درخت لگائے، بدقسمتی سے دنیا میں ماحولیات سے بچاؤ پر توجہ نہیں دی گئی، ہمارے دیکھتے دیکھتے ہی جنگل تباہ کر دیئے گئے، قبضے ہوگئے۔

اس سے قبل ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد کو پودوں اور پھولوں سے سجایا گیا۔ تقریب میں برطانیہ اور چین کے وزرائے اعظم، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت عالمی رہنماؤں کے پیغامات نشر کئے گئے۔ سیاسی و حکومتی شخصیات، وزرا، غیر ملکی سفیر بھی شریک ہوئے، تقریب میں ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے ایک چیلنج ہے، ہم نے اپنی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے، آلودگی کے باعث انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور میں آج قدرتی ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کا دن ہے، عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے، بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر بے حد پذیرائی ملی۔

قائمقام برطانوی ہائی کمشنر الیگزینڈر ایونز نے کہا کہ خوشی ہے اس سال پاکستان عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کر رہا ہے، قدرتی وسائل سےمالا مال دوست ملک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے اردو میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بورس جانسن حکومت اسلام آباد کی کوششوں کی بھرپور سپورٹ کر رہی ہے، کیونکہ ساتھی ہی مشکل وقت میں کام آتے ہیں۔