وزارت خزانہ کا فنڈز جاری کرنے سے انکار، آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ

Published On 04 June,2021 08:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں کشمیر کے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ وفاقی حکومت نے انتخابات کیلئے فوری فنڈز فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات اس سال جولائی میں ہونے ہیں، تاہم این سی او سی نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر انتخابات دو ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی سفارش کر رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے رواں مالی سال کیلئے حال ہی میں وفاق سے ساڑھے سات ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی فراہمی کیلئے درخواست کی تھی۔

تاہم وزارت خزانہ نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ فی الحال صرف فوڈ سبسڈی کی مد میں ڈیڑھ ارب روپے اضافی گرانٹ دی جائے گی۔ فوڈ سبسڈی کیلئے ڈیڑھ ارب روپے گرانٹ کی منظوری ای سی سی سے لے لی گئی ہے اور حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کو باقی ماندہ چھ ارب روپے فوری طور پر فراہم نہیں کر سکتے کیونکہ رواں مالی سال کیلئے اضافی گرانٹ مانگی گئی اور جاری مالی سال ختم ہونے میں چند ہی ہفتے رہ گئے ہیں۔ اس لئے اس حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔