پاکستان اور عراق کاعلاقائی سلامتی اوراستحکام کیلئے مل کرکام کرنے کےعزم کا اعادہ

Published On 30 May,2021 05:11 pm

بغداد: (دنیا نیوز) پاکستان اور عراق نے علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عراق کی وزارت دفاع میں عراق کے وزیر دفاع سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عراق کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے عراق کی ترقی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدداور تعاون کی پیشکش کی۔ فریقین نے علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز وزیر خارجہ عراقی وزارتِ داخلہ پہنچے جہاں وزیر داخلہ عثمان الغانمي نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور عراق کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار، دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستانی، مذہبی اعتبار سے عراق کے ساتھ گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہر سال دو لاکھ سے زائد ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے پاکستانی زیارات مقدسہ کیلئے عراق آتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق زائرین کی سفری مشکلات کے ازالے اور انہیں مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے زائرین مینجمنٹ پالیسی "متعارف کروا رہے ہیں۔ زائرین مینجمنٹ پالیسی پر موثر عملدرآمد کیلئے، ہمیں عراقی حکومت کی معاونت درکار ہو گی۔

انہوں نے نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرائی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عراق کی طرح پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے ایک طویل جنگ لڑی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کثیر مالی و جانی نقصان سے گزرنا پڑا۔ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔