اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کا ساتھ سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان اور چین ناصرف سفارتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں بلکہ ہمارے تعلقات سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہیں۔ 1950ء میں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون سے ہمارے تعلقات کا آغاز ہوا تھا، 1966ء میں یہ سٹریٹجک تعلقات میں تبدیل ہوئے جبکہ 1972ء میں معاشی تعلقات میں بدلے، اب پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا انتہائی جامع فریم ورک موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے محبت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات پر فخر ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں، پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح پاکستان نے بھی چین کو ہر چیلنج میں مدد دی۔ 1950ء سے ہم نے ناصرف ایک دوسرے پر دفاعی اور سٹریٹجک طور پر انحصار کیا جبکہ سی پیک نے پاک چین تعلقات کو ایک نئی جہت فراہم کی۔
فواد چودھری نے کہا کہ سی پیک کا شاندار منصوبہ ایک دوسرے کے معاشی استحکام کی بنیاد اور اس علاقے کے لئے ایک گیم چینجر ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کے ون بیلٹ ون روڈ انی شیٹو وژن نے پاکستان کو بہت فائدہ دیا ہے۔