اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ماڈل دیکھنے کی دعوت دے دی۔ ووٹنگ مشین کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے اتفاق رائے ضروری ہے، تمام جماعتیں بیٹھیں اور متفقہ فیصلہ کریں۔
فواد چودھری نے بابر اعوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اصلاحات پر تمام جماعتیں بیٹھیں اور متفقہ فیصلہ کریں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی پرچی سے باہر آنے کیلئے تیار نہیں، پولنگ کے بعد سب سے بڑا مسئلہ بر وقت نتیجہ نہ آنا ہے، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشین کیلئے 36 شرائط دیں، تمام پوری کر دیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا جائزہ لینا چاہیئے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ انتخابی نظام سے خامیاں دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، 2 اختیارات الیکشن کمیشن کو سونپ دیئے، اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں ووٹنگ مشین کا ماڈل دیکھیں، اپوزیشن کے جو سوالات ہیں حکومت اس کا جواب دے گی، قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ووٹرز کی تصدیق کی جائے گی، ہر الیکشن کے بعد احتجاج اور اعتراضات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔