وزیراعلیٰ پنجاب کا ہنگامی بنیادوں پر رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کرنے کا حکم

Published On 19 May,2021 10:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنگامی بنیادوں پر رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کرنے کا حکم دے دیا جبکہ جدید تکنیک اپنانے کی بھی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ تعمیرات و مواصلات کی کارکردگی اور فیوچر پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے وزیراعلی پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنجاب میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایک ہزار 27 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی پر 144 افسروں اور اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کی گئی ہے۔

عثمان بزدار نے محکمہ تعمیرات و مواصلات میں ضروری خالی آسامیوں پر ایڈہاک بھرتیوں کی اصولی منظوری دی۔ اجلاس میں سی اینڈ ڈبلیو کی استعداد کار میں اضافے کے لئے سپیشل پراجیکٹ یونٹ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ شاہراہوں کی حدود میں عمارتیں اور ہاؤسنگ سکیمیں بنانے پر قانونی کارروائی کی جائے جبکہ سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے غیر ضروری بجٹ تخمینے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

اجلاس میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی بنانے اور دائرہ کار وسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔