لیگی رہنما محمد زبیر کا بیان، نواز شریف نے وضاحت طلب کرلی

Published On 17 May,2021 09:08 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگی رہنما، سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی جانب سے جاری بیان کا پارٹی صدر نواز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔

محمد زبیر جو نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان ہیں کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے انہیں وارننگ دی گئی ہے جس میں انہیں عہدہ سے ہٹائے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے محمد زبیر کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم مریم نواز معاملہ سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

محمد زبیر نے عید سے ایک دن قبل جاتی امرا میں مریم نواز سے ملاقات کی اور انہیں وضاحت پیش کی لیکن تاحال نواز شریف اور شہباز شریف مطمئن نہیں ہوئے۔

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ محمد زبیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کے بعد میڈیا ٹیم کی فہرست از سر نو تشکیل دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ سنجیدہ اور ذمہ دار ارکان پارلیمنٹ، پارٹی عہدیداروں کو ٹاک شوز میں بھیجا جائے گا۔

نئی میڈیا ٹیم کے بارے میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، اسحق ڈار، شاہد خاقان عباسی اور دیگر سینئر قیادت میں مشاورت جاری ہے جس کے بعد میڈیا ٹیم کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

نامزد ارکان پارلیمنٹ، پارٹی عہدیداروں کے علاوہ کوئی اور پارٹی کی نمائندگی نہیں کر سکے گا تاکہ محمد زبیر کے بیان والی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔