یہودی کی کمپین چلانے والے کس منہ سے فلسطین کی بات کر رہے ہیں: مریم نواز

Published On 16 May,2021 05:37 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہودی کی کمپین چلانے والے کس منہ سے فلسطینیوں کی بات کر رہے ہیں۔

شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ اصل غدار کون ہے۔ کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈالنے والوں، منتخب وزیراعظم پر چڑھائی کرنیوالوں، رمضان میں چینی کیلئے لائنیں لگوانے والوں اور بھارت میں بیٹھ کر اداروں کیخلاف بات کرنیوالوں کو غدار کہتے ہیں۔

لیگی رہنما مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گولڈ سمتھ کی انتخابی مہم چلانےوالے کس منہ سے فلسطینیوں کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غداری کے الزامات کئی سال سے سنتے آ رہے ہیں۔ غدار کا لقب جاوید لطیف نہیں شیخوپورہ کےعوام کو دیا گیا۔ سچ کہنا غداری ہے تو بار بار غداری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے۔ نااہل حکومت کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے۔ نواز شریف لندن میں ہیں لیکن ہر کونے سے ان کے حق میں فیصلے آ رہے ہیں۔ ڈسکہ میں لوگوں نے نواز شریف کے بیانیے کو عزت دی۔ 22 کروڑ عوام کو اپنے حق کا پتا چل گیا ہے۔