سندھ حکومت کا آج اور کل بازار کھولنے کا فیصلہ، لاک ڈاؤن اتوار سے ہوگا

Published On 07 May,2021 10:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) سندھ میں جمعہ اور ہفتہ کو بھی کاروبار کھلے گا جبکہ صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن اتوار کو نافذ ہو گا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہفتے اور اتوار کو پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت دے دی گئی، چاند رات کو بازار بند، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے سٹالز نہیں لگ سکیں گے۔

کراچی سمیت سندھ کے شہریوں کو لاک ڈاؤن میں ایک دن کی چھوٹ مل گئی۔ سندھ حکومت نے ہفتے کو بھی عید کی خریداری کی اجازت دے دی، صوبے میں لاک ڈاؤن اتوار سے شروع ہوگا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عید پر پردیسیوں کیلئے لاک ڈاؤن کے دوران ہفتے اور اتوار کو پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی گئی۔ پنجاب میں 8، 9، 15 اور 16 مئی کو پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد سواریوں کے ساتھ چلے گی۔

پنجاب میں عید اور چاند رات کے لئے ایس او پیز بھی تیار کرلئے گئے۔ چاند رات پر بازار بند، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی ہوگی۔ ریسٹورنٹس سے صرف ٹیک اوے کی اجازت ہو گی۔ گروسری سٹورز، سویٹس اینڈ بیکرز، گوشت کی دکانیں، آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی۔

خیبرپختونخوا میں بھی لاک ڈاؤن کے دوران سیاحتی مقامات مکمل بند رہیں گے۔ کارگو ٹریفک اور کاروباری ترسیل کھلی رہے گی۔ بلوچستان میں چاند رات پر بازار، جیولری، مہندی اور کپڑوں کی دکانیں بھی بند رہیں گی۔ بین الصوبائی اور شہر کے اندر چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔