وزیر اعلی بزدار کا بغیر پروٹوکول لاہور کا دورہ، لاک ڈاون عملدرآمد اور صفائی کا جائزہ لیا

Published On 02 May,2021 10:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے لاہور شہر کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا، لاک ڈاون اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیراعلی نے لاک ڈاون کے حوالے تاجر برادری کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم صفائی کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے سخت برہمی کااظہار کیا۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے جیل روڈ، فیروز پور روڈ، گلبرگ، گارڈن ٹاون ، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں لاک ڈاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ شہر میں دورے کے دوران وزیراعلی نے لاک ڈاون کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلی نے مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے حوالے سے بھرپور تعاون پر تاجر برادری سے اظہار تشکر کیا۔ وزیراعلی نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر انتظامیہ، پولیس، فوج اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کے حوالے سے شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ لاک ڈاون شہریوں کے تحفظ کیلئے ہے۔ کورونا کی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ شہری مزید پابندیوں سے بچنا چاہتے ہیں تو حکومت کی ہدایات پر 100 فیصد عمل کریں۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے صفائی کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا تاہم صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کی سرزنش کی۔

وزیراعلی نے شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کے انتظامات تسلی بخش نہیں، کوڑا کرکٹ جلد اٹھایا جائے۔ صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کےلیے موثر انداز میں کام کیا جائے۔