رمضان پیکیج اور سبسڈی کا فائدہ ہر حال میں عوام تک پہنچایا جائیگا: فردوس عاشق اعوان

Published On 28 April,2021 09:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رمضان پیکیج اور سبسڈی کا فائدہ ہر حال میں عوام تک پہنچایا جائیگا، قیمتوں میں ناجائز اضافہ قابل قبول نہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت عوام کو رمضان پیکیج کے تحت ریلیف دینے اور پرائس کنٹرول میکانزم پر سختی سے عملدرآمد کیلئے متحرک ہے، وزیراعلی عثمان بزدار روزانہ کی بنیاد پر آٹے، چینی اور اشیاء ضروریہ کی سپلائی و طلب کا جائزہ لے رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کو قیمتوں میں استحکام کیلئے فلور مل ایسوسی ایشن سے رابطے کی ہدایت کی ہے، گراں فروشوں کے خلاف 31 ہزار کارروائیاں کی گئی ہیں، 2 ہزار سے زائد مقدمات کا اندراج، 5 کروڑ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔