اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں ترقی کاعمل رک چکا، ہر شخص مہنگائی سے پریشان ہے، عمران خان بتا دیں ملک نے کس شعبے میں ترقی کی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس پاکستان میں ہم رہتے ہیں وہاں ہر پاکستانی پریشان ہے، عمران خان پتہ نہیں کس پاکستان میں رہتے ہیں، ایک زمانے میں پارلیمان میں ملکی معاملات پر بات چیت کی جاتی تھی، آج ہر پاکستانی سوال کر رہا ہے ملک کس طرف جا رہا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کی بدترین حکومت ہے جس نے ہر شعبہ تباہ کر دیا، موجودہ حکومت میں کوئی ایسا افسر نہیں جو بغیر پیسے کے لگایا جاتا ہے، حکومتی آمدن وہیں اور اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آج تک کوئی ویکسین نہیں خرید سکی، مانگے تانگے پر گزارہ چل رہا ہے، بھارت کے اپنے مسائل ہیں، ہم نے کورونا کیلئے اپنے ملک میں کیا کیا ؟ بھارت 8 فیصد آبادی کو ویکسین لگا چکا، ہم ایک فیصد کو بھی نہ لگا سکے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ چینی آج بھی 115 روپے فی کلو مل رہی ہے، مریم نواز نے کہا جو حکومت لائے ہیں، اللہ کرے 5 سال پورے کرے، مولانا صاحب نے کل بھی کہا پیپلز پارٹی اپنے رویے پر نظرثانی کرے۔