اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے پالیسی بیان دیا، نبی کریم ﷺ کی محبت میں پوری قوم ایک ہے، گزشتہ دنوں جو کچھ ہوا ہمیں بھی اس پر دکھ ہے، 4 ماہ سے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہم نے مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا۔
نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ راستوں کو بند کر کے نماز بھی نہیں پڑھی جاسکتی، حکومت کا فرض ہے عام آدمی کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو، خارجہ پالیسی حکومت وقت اور پارلیمنٹ کا کام ہے، تحفظ ناموس رسالت اور اسلامو فوبیا کو عمران خان نے عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کو پتہ ہی نہیں کہ کیا کر رہی ہے، حکومت نفرتیں پھیلا رہی ہے، پورا ملک افواہوں کی زد میں ہے، وزیراعظم پارلیمان کو جوابدہ ہیں، عمران خان کو ایوان میں آکر بیان دینا چاہیئے، حکومتی نااہلی کی وجہ سے بھائی بھائی کیساتھ لڑ رہا ہے، ہم سب غلامان رسولؐ ہیں، اس ملک میں کیا ہونے جا رہا ہے؟۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کیا ریاست مدینہ میں ایسے ہوتا ہے ؟ یہاں سیاست کی جا رہی ہے، ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں، حکومت کا کام ہے کہ دلوں کو جوڑے۔