دنیا بھر میں روزہ کتنے گھنٹے کا ہوگا؟ مختلف ممالک کا خصوصی چارٹ

Published On 13 April,2021 09:42 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ہر ملک کا افطاری اور سحری کا اپنا ٹائم ٹیبل ہوتا ہے چونکہ اس کا تعلق سورج کے غروب ہونے اور صبح صادق سے ہے اس لئے ہر فاصلے کے ساتھ وقت میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے۔

رمضان اسلامی کیلنڈر کا 9واں مہینہ ہے۔ اس سال یہ انگریزی کے مہینے اپریل میں آ رہا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنے اپنے وقت کے مطابق روزہ افطار اور سحر کرتے ہیں۔

اسلامی مہینے چونکہ چاند کے مطابق ہوتے ہیں، اس لئے ہر سال تقریباً دس دن کا فرق پڑ جاتا ہے اور اس طرح کبھی رمضان المبارک سردیوں میں آتا ہے تو کبھی شدید گرمیوں میں۔

رمضان المبار ک اصل میں ہے کیا؟ یہ اسلام میں ایک مذہبی فریضہ ہے جس میں سحر سے افطار تک کھانے پینے سے پرہیز کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہر برائی سے بچنے کی تاکید کی جاتی ہے۔

اس مہینہ کا مقصد زندگی میں نورانیت اور پاکیزگی لانا ہے۔ اس مہینہ میں ہر عبادت کا ثواب کئی گنا ہو جاتا ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمان قرآن پاک کی تلاوت کے علاوہ تراویح کا بھی اہتمام کرتے ہیں اور صدقات و خیرات دیتے ہیں۔ نیک دل مخیر حضرات عوام الناس کیلئے بڑی بڑی افطاریوں یا سحر ی کا اہتمام کرتے ہیں۔

اس مقدس مہینے میں خیرات کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ فطرانہ بھی ایک فرض عمل ہے جس کا مقصد مستحق لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ پوری دنیا میں تقریباً 1.8 بلین مسلمان بستے ہیں، جس میں برطانیہ میں بسنے والے 3.3 ملین مسلمان بھی شامل ہیں۔

ناروے جہاں چھ مہینے دن اور چھ مہینے رات رہتی ہے وہاں بھی علما کرام نے سحر اور افطار کے اوقات معین کئے ہیں۔

بعض مغربی سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا حسن یہ ہے کہ دنیا کے کسی نہ کسی کونے میں افطاری یا سحری کی رونق ضرور ہو گی۔ کسی ملک میں روزہ کا دورانیہ ساڑھے دس گھنٹے کا ہوگا تو کسی ملک میں 21 گھنٹے کا روزہ رکھا جائے گا۔

یہ وہ ممالک ہیں جہاں سورج 20 اپریل سے 22 اگست تک غروب نہیں ہوگا۔ کچھ ممالک میں یہ 20 سے 21 گھنٹے کا ہوگا۔

ان ممالک سے ایشیا کی جانب آئیں گے تو دورانیہ کم ہوتا جائے گا۔ مکہ، اسلام آباد، تہران، ٹوکیو، غزہ کی پٹی، کویت سٹی، قاہرہ، دمشق بغداد بیروت، ڈھاکہ، دوحہ، دبئی، عدن اور دہلی میں روزے کا دورانیہ 14 سے 15 گھنٹے تک ہو گا۔

کچھ ممالک (جیسا کہ گرین لینڈ اور آئس لینڈ) میں 19 سے 20 گھنٹے کا روزہ ہو گا۔ فن لینڈ میں 18 سے 19 گھنٹے، اوسلو، کوپن ہیگن، ماسکو، لندن اور سٹاک ہوم کے شہری 17 سے 18 گھنٹے کا روزہ رکھیں گے۔

وارسا، ایمسٹرڈ یم، پیرس نور سلطان اور زیورخ کے مسلمان شہری 16 سے 17 گھنٹے کا روزہ رکھیں گے۔ ٹورنٹو کے مکین 15 سے 16 گھنٹے کا روزہ رکھیں گے۔

صوفیہ (بلغاریہ)، روم، اوٹاوا، بخارسٹ ، میڈرڈ ، لزبن (پرتگال)، ایتھنز، واشنگٹن ڈی سی، ترکی اور بیجنگ میں 15 سے 16 گھنٹے کا روزہ ہو گا۔ جکارتہ، براسیلیا اور کیپ ٹاؤن میں 12 سے 13 گھنٹے کا روزہ رکھا جائے گا۔

تحریر: ٹی آر عابدی