وزیراعظم صبح اٹھ کر جہاد پر نہیں، عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے جاتے ہیں: مریم نواز

Published On 04 April,2021 10:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ صبح اٹھ کر جہاد پر نہیں بلکہ عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے جاتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹس میں لکھا کہ وزیراعظم غریب کے منہ سے روٹی اور بیمار سے دوائی چھیننے، لوگوں کی بجلی اور گیس کے بلوں سے کمر توڑنے، مظلوموں پر ظلم کرنے اور لوگوں کو دن دھاڑے اغوا کرانے جاتے ہیں، اسے آپ جہاد کہتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پر تو 22 کروڑ لوگوں کو جیتے جی مار دینے اور اس کو جہاد کا نام دینے پر فتویٰ لگنا چاہیے۔ وہ اپنے بنی گالا کے 300 کنال کے محل سے باہر نکل کر دیکھیں، لوگ انھیں کیسے جھولیاں اُٹھا اُٹھا کر بد دُعائیں دے رہے ہیں۔

مریم نواز نے لکھا کہ ریاستِ مدینہ کے دعویداروں کو شاید یہ بھول گیا ہے کہ یہ اگر اصل میں ریاستِ مدینہ ہوتی تو یہ اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچ چکے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا چوری، چینی چوری، گیس چوری، ووٹ چوری، عوام پر مہنگائی کے طوفان کو، اپنی نااہلی اور نالائقی کو آپ جہاد کہتے ہیں؟