لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ چھوٹے سے عہدے کیلئے جمہوریت کو نقصان پہنچانا افسوس ناک ہے، سلیکٹ ہونا ہے تو آپ کو عمران خان کی پیروی کرنی چاہیے، 'زرداری سب پر بھاری' والی بات شرمندگی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف لوگ آئین و قانون کی خاطر جدوجہد کر رہے ہیں، دوسری طرف لوگ چھوٹے سے فائدے کیلئے بیانیے کو روند رہے ہیں، چھوٹے سے عہدے کیلئے جمہوری جدوجہد کو بڑا نقصان پہنچایا گیا، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا چھوٹا سا عہدہ ہے، اپوزیشن لیڈر سینیٹ کا عہدہ مل جاتا تو ہم نے کونسی حکومت بنا لینی تھی، آپ کو چھوٹا سا عہدہ چاہیئے تھا تو نواز شریف سے مانگ لیتے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ چھوٹے سے فائدے اور عہدے کیلئے بی اے پی سے ووٹ لے لیا، پہلی بار دیکھا لیڈر آف اپوزیشن سرکاری ارکان سے مل کر بنا، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے ن لیگ، مولانا اور دیگر جماعتیں کافی ہیں، آپ کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ بی اے پی نے آپ کو ووٹ دیا، اگر سلیکٹ ہونا ہے تو آپ کو عمران خان کی پیروی کرنی چاہیئے، جمہوریت اور عوامی طاقت پر یقین رکھنے والے ڈیل کر کے نہیں نکلتے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، پرویز مشرف دنیا کے سامنے نشان عبرت بن چکے، پہلی بار دیکھا اپوزیشن لیڈر کو بی اے پی نے ووٹ دیا، عوام دیکھ رہے ہیں کون کس کے ساتھ ہے، اپنے اصول قربان کر کے پورے ملک پر بھاری ہوسکتے ہیں۔