موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں مدعو نہ کرنے پر تنقید حیران کن ہے: وزیراعظم

Published On 03 April,2021 11:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو نہ کیے جانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شور اور بلا جواز تنقید پر حیران ہوں۔

 سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا محور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے، ہماری پالیسی  ہماری آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان دینے  کے عزم کے عین مطابق ہے، اس لئے سرسبز پاکستان، 10 بلین ٹری سونامی، دریائوں کی صفائی جیسے ماحول دوست اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے خیبرپختوخوا سے ماحولیاتی تحفظ کے لئے کام آغاز کیا اور ہماری پالیسیوں کو عالمی سطح پر تسلیم اور سراہا گیا، کوئی ریاست ہمارے تجربے سے استفادہ حاصل کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کی مدد کے لئے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے 7 برسوں میں ماحولیاتی تحفظ کا وسیع تجربہ حاصل کیا ہے، اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس 2021 اور سی او پی 26 کے لیے ترجیحات بتا دی ہیں، اگر عالمی برادری ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں سنجیدہ ہے تو فائدہ اٹھائے۔