لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے معاملے پر ہر قسم کی بیان بازی سے روک دیا، یوسف رضاگیلانی کے معاملے پر پارٹی پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں معاملہ اٹھائے، شہبازشریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نےشہبازشریف سے اہلخانہ کے ہمراہ سوا دو گھنٹے سے زائد کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے منتخب ہونے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
حمزہ شہباز نے یوسف رضاگیلانی کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بنائے جانے پر مسلم لیگ ن میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا اور بتایاکہ پیپلزپارٹی نے یوسف رضاگیلانی کےمعاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، ملاقات میں پیپلزپارٹی کے رویے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں احتجاج کرنےکا فیصلہ کیاگیاجبکہ شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے خلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا۔
شہبازشریف نے ہدایت کی کہ یوسف رضاگیلانی کے معاملے پرپارٹی کے سینئر رہنما پی ڈی ایم میں معاملہ اٹھائیں، شہبازشریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حمزہ کو بلدیاتی نمائندوں سے رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔
ان کا کہناتھاکہ آپ فوری طورپر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتوں اور کنونشنز کا اہتمام کریں، بلدیاتی نمائندے ن لیگ کی اصل قوت ہیں اور موجودہ سیاسی صورتحال میں بلدیاتی نمائندوں کو قانونی و سیاسی معاونت فراہم کریں، حمزہ شہباز کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی ملاقات کے لئےجیل پہنچے جبکہ اہلخانہ نے دوپہر کا کھانا بھی اکٹھے کھایا۔