لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں چینی کا کاروبار کرنے والوں پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے کابینہ کی اصولی منظوری کے بعد محکمہ خوراک نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے.
شوگر سپلائی چین مینجمنٹ آرڈر 2021ء کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی قلت پر کین کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو اقدامات اور فروخت کا مکمل اختیار ہوگا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق چینی کا سٹاک کم ہوا تو ڈپٹی کمشنرز کو آگاہ کرنا لازم ہوگا۔ نئے قانون کے تحت کوئی بھی ڈیلر اور ہول سیلر رجسٹریشن کے بغیر چینی نہیں خرید سکے گا۔
اس کے علاوہ کوئی بھی فیکٹری غیر رجسٹرڈ ڈیلر، ہول سیلر اور بروکر کو چینی کی فروخت نہیں کر سکے گی۔
اس قانون کے تحت چینی کی خرید وفروخت کے پورے نظام کو ریگولیٹ کیا جا سکے گا۔
آرڈینینس کے مطابق شوگر ملز اور ڈیلرز کے گودام کی رجسٹریشن ہوگی اور صرف رجسٹرڈ ڈیلر ہی چینی کی خرید وفروخت کر سکے گا۔