لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے ساتھ اختلافات کی خبریں جھوٹی ہیں، گزشتہ 30 سال سے یہی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایک، دو چینلز نے یہ بے بنیاد خبر چلائی۔
مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے پی ڈی ایم کے مستقبل پر بات کی اور کہا پیپلز پارٹی رہے گی یا نہیں؟ یہ ان کا فیصلہ ہوگا، اس حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی(ف) نے اپنے بڑے، بڑے جلسے کیے، ہمیں کسی اور کی ضرورت نہیں، ہمیں صحیح معنوں میں عوام کی ترجمانی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں متحد رہیں کیونکہ عمران خان کی جعلی حکومت کا مستقبل اس کی کارکردگی سے جڑا ہوا ہے۔ حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اعظم نذیر تارڑ کے حوالے سے متفقہ فیصلہ ہوا تھا، یہ فیصلہ یوسف رضا گیلانی کے گھر پر کیا گیا تھا۔ اعظم نذیر تارڑ کا اصولی فیصلہ ہو چکا، اب اسے بدلنے کی ضرورت نہیں، امید کرتی ہوں اس فیصلے پر دوسری جماعتیں بھی کھڑی رہیں گی۔