لیگی رہنما مریم نواز کو 26 مارچ کو ایک اور کیس میں طلبی کا نوٹس موصول

Published On 18 March,2021 10:35 am

لاہور: (دنیانیوز) مریم نواز کیخلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات میں نیا موڑ، نیب کی جانب سے لیگی رہنما کو 26 مارچ کو ایک اور کیس میں طلبی کا نوٹس موصول ہوگیا۔

نیب لاہور ترجمان کے مطابق مریم نواز کو 26 مارچ کو دو کیسز کی تحقیقات کے لئے طلب کیا ہے۔ نیب لاہور نے مریم نواز کے نام جاتی امراء میں 1500 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات میں طلب کر لیا۔

نیب ترجمان کے مطابق مریم نواز پر الزام ہے کہ 2013 میں شریف فیملی نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حاصل کی، 2015 میں اس وقت کے ڈی سی او نورالامین مینگل اور ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ و دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے لاہور کا ماسٹر پلان ہی تبدیل کروا دیا گیا۔ شریف فیملی کی انتظامیہ سے آپس کی ملی بھگت سے جاتی امراء میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈکلیئر کروایا گیا ہے۔

نیب لاہور کے جاری کردہ نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیشی کیلئے تمام مطلوبہ ریکارڈ ہمراہ لائیں جبکہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 26 مارچ کو ہی چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں بھی طلب کر رکھا ہے۔