ارکان اسمبلی کو فنڈز اجرا سے متعلق وزیراعظم کیخلاف پیپلزپارٹی کی درخواست مسترد

Published On 16 March,2021 11:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو فنڈز اجرا سے متعلق وزیراعظم کے خلاف پیپلز پارٹی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

ممبر کے پی ارشاد قیصر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین کو فنڈز اجراء کے معاملے پر سماعت کی۔ نیئر بخاری نے اپنے دلائل میں کہا کہ یکم مارچ کو ٹی وی پروگرام میں وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو 50 کروڑ فنڈ دینے کی بات کی۔ جس پر ممبر بلوچستان نے استفسار کیا یہ بات سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کی تھی ؟ اب تو سینیٹ الیکشن ہو گیا، الیکشن ہو گئے کوئی فنڈز جاری نہیں ہوئے۔ اس پر نئیر بخاری نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی کئی شقوں کی خلاف ورزی کی گئی۔

پیپلزپارٹی کے وکیل نیئر بخاری نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزیاں کی گئیں، سیکشن 181 کی خلاف ورزیاں کی گئیں، وزیراعظم ارکان اسمبلی سے ملتے رہے، وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی توہین بھی کی، تمام خلاف ورزیاں قابل سزاء جرم ہیں۔ درخواست گزار پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم کو طلب کرنے کی استدعا کی اور کہا وزیراعظم عمران خان کو الیکشن کمیشن میں طلب کیا جانا چاہیے۔

ممبر کے پی ارشاد قیصر نے استفسار کیا وزیراعظم نے اعلان بطور چیف ایگزیکٹو یا پارٹی سربراہ کیا ؟ ممبر بلوچستان نے کہا کیا صرف ٹی وی پر اعلان ہوا یا فنڈز جاری بھی ہوئے ؟ جس پر نئیر بخاری نے کہا کہ صرف اعلان بھی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا۔

یاد رہے پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز دینے کے معاملے پر درخواست دائر کر رکھی تھی۔