مقبوضہ کشمیر: شوپیاں میں قابض بھارتی فوج نے کئی گھروں کو آگ لگا دی

Published On 15 March,2021 10:14 am

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج نے کئی گھروں کو آگ لگا دی، قابض فوج کی فائرنگ سے درجنوں نوجوان زخمی بھی ہوگئے۔

مقبوضہ وادی کے ضلع شوپیاں کے علاقے راول پورہ میں غاصب فوج نے کارروائی کرتے ہوئے دھماکا خیز مواد سے کئی گھروں کو نظر ِ آتش کر دیا۔ فورسز کی فائرنگ سے درجنوں نوجوان زخمی ہیں، کئی کی حالت تشوش ناک ہے۔

کشمیری سرچ آپریشن کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ بھارتی فوج نے ان پر پیلٹ گن کے کارتوس چلا دیئے، زخمی ہونے والوں کی عمریں 18 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔

 ادھر مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فورسز نے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا، انڈین فوج کشمیریوں کے مکان دھماکا خیز مواد سے اڑا رہی ہے، کشمیریوں سے چھت چھینی جا رہی ہے، بھارتی فوج کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔