پی ڈی ایم کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

Published On 05 March,2021 07:23 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ کل کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ڈی ایم شرکت نہیں کرے گی۔

 

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کی عدم شرکت کے بعد اجلاس کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی، کوئی اپوزیشن رکن کل قومی اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہو گا، آپ اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، دوبارہ اعتماد لیں، صدر مملکت بھی اعتماد کھونے کی بات کر رہے ہیں، قومی اسمبلی کے اجلاس کی کوئی سیاسی اہمیت نہیں ہو گی

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو عوام کی نمائندہ تسلیم نہیں کرتے، وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں شکست جھلک رہی تھی، وزیراعظم کے بقول سینیٹ الیکشن میں بولی لگی، عمران خان پی ٹی آئی اراکین کو بکاؤ مال کہہ رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی صورت میں عدم اعتماد ہو چکا ہے، اپوزیشن کی عدم شرکت پر اجلاس کی اہمیت ہی ختم ہو جائے گی، جعلی مینڈیٹ سے حکومت کرتے رہے، اسمبلی اجلاس بھی کر لیں۔

فضل الرحمان نے کہا کہ ہم سے کوئی رابطے میں نہیں ہے۔ لوگ آپ سے پوچھیں گے، آپ نے مہنگائی کیوں کی؟ آپ نے نوکریوں کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا۔