ووٹ کو جعلی عزت دینے کے دعویداروں نے سرعام ووٹ کی تذلیل کی، عثمان بزدار

Published On 04 March,2021 06:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ اسلام آباد سینیٹ الیکشن میں ووٹ کو جعلی عزت دینے کے دعویداروں نے سرعام ووٹ کی تذلیل کی، یہ ووٹ نہیں، نوٹ کی جیت ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد سینیٹ الیکشن میں جو کچھ ہوا، اس پر ہر جمہوریت پسند شرمندہ ہے۔ پی ڈی ایم نے بولیاں لگا کر جمہوری اقدار کا جنازہ نکالا۔ پیسے کا گھناؤنا کھیل کھیل کر اخلاقی، سیاسی اور جمہوری روایات کو پامال کیا گیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ضمیروں کا سودا کرنے والوں نے ہر جمہوری اصول کو پاؤں تلے روندا۔ یہ عبدالحفیظ شیخ کی نہیں بلکہ جمہوری سوچ رکھنے والے ہر سیاستدان کی ہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منڈیاں لگا کر الیکشن پر ڈاکہ ڈالنے والوں نے اپنے سینے پر بد ترین داغ سجایا۔ وزیراعظم عمران خان کے سینیٹ الیکشن کے بارے میں تحفظات سچ ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان ایک جرات مند لیڈر کا دلیرانہ اقدام ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مافیا کے خلاف جہاد کر رہی ہے، ان جیسے سچے اور کھرے لیڈر کے سامنے ضمیر کے سوداگروں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔