وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کرینگے، پی ڈی ایم کا فیصلہ

Published On 04 March,2021 04:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم فیصلہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ یہ ملاقات گزشتہ روز زرداری ہاؤس میں ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس گفتگو کے دوران بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم وزیراعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کے عمل کا بھی حصہ نہیں بنے گی۔ فیصلوں کی حتمی منظوری آئندہ ہفتے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے لی جائے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عدم اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ کارروائی مکمل کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈر اور کسی خوف میں حکومت نہیں کرسکتا، مقابلہ کرنا جانتا ہوں: وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں بزدل نہیں، مقابلہ کرنا جانتا ہوں، مخالفین کے ہتھکنڈوں سے گھبراؤں گا نہیں، ڈر اور کسی خوف میں حکومت نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، پہلے ہی پتہ تھا سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلے گا، عہدے کیلئے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا، نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر اظہار کریں، اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا، یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شفافیت کیلئے ہر فورم پر جائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کر دیا۔