اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سری لنکا کے اپنے ہم منصب مہنداراجہ پکسے کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کر رہے ہیں جس میں کابینہ کے ارکان اور سینئر عہدیداروں سمیت اعلیٰ سطح کاوفد ان کے ہمراہ ہوگا۔
وزیراعظم اپنے اس دورے میں صدرگوتابایاراجہ پکسے اوروزیراعظم مہنداراجہ پکسے کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
وہ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات کی قیادت بھی کریں گے جس میں تجارت، سرمایہ کاری ،صحت، تعلیم، زراعت ،سائنس وٹیکنالوجی، دفاع اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں اضافے کے معاملا ت شامل ہوں گے۔
فریقین دو طرفہ امور سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم ایک مشترکہ تجارتی اورسرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران دو طرفہ تعاون میں اضافے کے لئے مفاہمت کی متعددیادداشتوں پردستخط کئے جائیں گے۔
پاکستان اورسری لنکا کے درمیان برادرانہ اورمفیدباہمی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک متعدد عالمی اورعلاقائی امورپریکساں خیالات رکھتے ہیں۔